152

فخر زمان نے لاہور قلندرز سے راہیں جدا کرلیں

لاہور: اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے چار سیزن کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز سے راہیں جدا کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے اوپنر فخر زمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس بار قلندرز کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

فخر زمان نے چار سال کے یادگار لمحات اور کیریئر بنانے کے لیے موقع دینے پر لاہور قلندرز کا شکریہ بھی ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سیزن میں نئے چیلنج کے لیے تیار ہیں۔

پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان اس بار نئی ٹیم سے ایکشن میں ہوں گے، تاہم قوانین کے مطابق فخر زمان جو کہ پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں، لاہور سے ریلیز ہونے کے بعد پلیئرز ڈرافٹ میں جائیں گے جہاں سے ان کا انتخاب کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قلندرز محمد حفیظ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، دلبر حسین، بین ڈنک، ڈیوڈ ویئسا اور سُمت پٹیل کو برقرار رکھنے پر متفق ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہونا ہے جبکہ پلیئرز ڈرافٹ 10 فروری کو ہوں گے، پلیئرز ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کی ری ٹیشن کا مرحلہ جاری ہے، ہر فرنچائز آٹھ کھلاڑیوں کو ری ٹین (برقرار) رکھ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں