118

ہری پور ‘ جج نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ سنانا شروع کردیا

سینٹرل جیل ہری پور میں جج نے مشال خان قتل کیس کا محفوظ کردہ فیصلہ سنانا شروع کردیا۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج فضل سبحان ہری پور کی سینٹرل جیل میں تمام 58 ملزمان کے سامنے کیس کا فیصلہ سنا رہے ہیں۔

ہری پور کی سینٹرل جیل میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کے لئے پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔

مشال خان کے بھائی نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں عدالت سے انصاف ملے گا اور ان کے بھائی کے قاتلوں کو سزا ملے گی۔

واضح رہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی میں گذشتہ برس 13 اپریل کو جرنلزم کے 23 سالہ طالب علم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔

کیس میں نامزد 61 ملزمان میں سے 58 گرفتار ہیں، جن میں فائرنگ کا اعتراف کرنے والا ملزم عمران بھی شامل ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا تحصیل کونسلر عارف، طلباء تنظیم کا رہنما صابر مایار اور یونیورسٹی کا ایک ملازم اسد ضیاء فرار ہیں۔

اس کیس کی ستمبر2017 سے جنوری 2018 تک 25 سماعتیں ہوئیں جن میں 68 گواہ پیش ہوئے۔

خیال رہے کہ ہری پور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج فضل سبحان نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو محفوظ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں