24

یقین ہے اس بار ٹی20 ورلڈکپ ساتھ لائیں گے؛ بابراعظم

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پوری ٹیم کی توجہ ورلڈکپ جیتنے پر مرکوز ہے، اس بار قوم کو میگا ایونٹ جیت کر تحفہ دیں گے۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پچھلا ورلڈکپ نہیں جیت سکے تھے لیکن وہ ماضی تھا جو گزر گیا مگر اس بار یقین ہے کہ ٹرافی لے کر آئیں گے، پوری ٹیم کا فوکس اسی بات پر ہے کہ کس طرح یہ ورلڈکپ جیت کر لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے، تمام سلیکٹرز نے طویل بحث و مباحثے، باہمی مشاورت اور ایک ایک کھلاڑی کی پُرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور ٹیم کو اعتماد دے رہے ہیں۔

بابراعظم نے حارث رؤف کی سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر نے جلدی ریکور کیا ہے، جو خوش آئند ہے۔ گزشتہ ایونٹس میں بھی فاسٹ بولر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔

ٹیم کی اوپنرز کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ میرا اور محمد ضوان کے کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے اگر اوپننگ چھوڑنا پڑی تو میں چھوڑ دوں گا۔ ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان، صائم ایوب اور فخر زمان سے امیدیں ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ عامر جمال کو ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس کی بنیاد پر جگہ دی گئی۔ انھیں سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگے۔ سلیکشن میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔ محمد حارث کو پی ایس ایل میں موقع ملا مگر وہ پرفارم نہ کرسکے۔

حسن علی کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے بقول سلیکٹرز بھی بتا چکے ہیں کہ حسن علی کو بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون سے امریکا کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے اور 29 جون کو فائنل کھیلا جائے گا۔

20 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 55 میچز کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز امریکا کے 3 اور ویسٹ انڈیز کے 6 مقامات پر منعقد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں