140

بھارت میں آدم خور کتے بچی کو نوچ کر کھا گئے

نئی دہلی : بھارت میں آوارہ کتے آدم خور بن گئے، 13سالہ طالبہ کو بھنبھوڑ کر مار ڈالا، بچی کھیت سے گزر رہی تھی کہ اچانک حملہ کردیا۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے پیلی بھیت میں آدم خور کتوں نے چوتھی جماعت کی ایک طالبہ کو نوچ کر مار ڈالا، طالبہ سائیکل پر کھیت سے دھنیا لینے جا رہی تھی۔

یہ واقعہ پیلی بھیت سے تقریباً 11 کلومیٹر دور واقع جہان آباد تھانہ علاقہ میں گاؤں بگواں کے رہائشی دھرم پال موریہ کی 13سالہ بیٹی نیہا موریہ کے ساتھ پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز صبح9 بجے بچی سائیکل پر کھیت جارہی تھی کہ جھاڑیوں میں چھپے کتوں نے اچانک اس پر حملہ کردیا، نیہا نے جان بچانے کی پوری کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکی اور آدھا درجن کے قریب کتوں کے جھنڈ نے اسے بری طرح نوچ ڈالا۔

بچی کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ اسے بچانے کیلئے پہنچے تو آدم خور کتے اس کی مسخ شدہ لاش کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔

متوفی بچی نیہا کے والد دھرم پال کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی پر جان چھڑکتے تھے، ان کے دو بیٹے اور بھی ہیں لیکن بیٹی ایک ہی تھی جو اب ان سے ہمیشہ کے لئے دور ہو چکی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش کو قبضے میں لے لیا۔

اس سے قبل بھی جہان آباد کے قریب بیسل پور کے رسیا خان پور میں دو ماہ پہلے ایک آٹھ سالہ طالب علم کو کتوں نے مار ڈالا تھا سانحے کے باوجود متعلقہ محکمہ کی جانب سے علاقے میں کتا مار مہم نہیں چلائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں