23

ہالینڈ میں پہلی بار مسلم تارکین وطن خاتون وزیراعظم بننے کے قریب

ایمسٹر ڈیم: ہالینڈ میں آئندہ بدھ کو وزارت عظمیٰ کے لیے انتخاب ہونے جا رہا ہے جس کے لیے پہلی بار ایک مسلم خاتون بھی میدان میں ہیں اور ان کی فتح کے امکانات بھی کافی روشن ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 7 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ براستہ یونان تارکین وطن کی کشتی پر خطرناک سفر طے کرکے ہالینڈ پہنچنے والی مسلم خاتون ڈیلن یسیل گوز ملک کی مستقبل کی وزیراعظم بن سکتی ہیں۔

مسلم تارکین وطن خاتون کا مقابلہ سخت حریفوں سے ہے جن میں منجھے ہوئے سیاستدان اور متحرک سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں لیکن حالیہ سروے بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی کی مسلم خاتون رہنما ڈیلن یسیل گوز کو برتری حاصل ہے۔

46 سالہ ڈیلن یسیل گوز نے وزیر برائے انصاف کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں جب کہ وہ 2017 سے 2021 کے درمیان رکن پارلیمان بھی رہیں اور بطور اسٹیٹ سیکرٹری برائے اقتصادی امور اور ماحولیاتی پالیسی کی بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

ڈیلن یسیل گوز ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی والدہ ترک النسل جب کہ والد کرد تھے۔ ڈیلن یسیل گوز ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں پلی بڑھیں اور تعلیم حاصل کرنے کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں