157

صوبوں کو کرونا ویکسین کی دوسری کھیپ فراہم

اسلام آباد : فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کرونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، دوسری کھیپ صوبوں کو فراہم کردی گئی ہے جبکہ اب تک اب تین لاکھ ساڑھے 14 ہزار ویکسین فراہم کی جاچکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کرونا ویکسین سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فرنٹ لائن ورکرز کو کرونا سے محفوظ بنانے کےلیے مجموعی طور پر 3 لاکھ 14 ہزار سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کی جاچکی ہے جس میں سے پنجاب کو ایک لاکھ اٹھارہ ہزار ویکسین فراہم کی گئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ کو ایک لاکھ 21 ہزار اور خیبرپختونخوا میں 28 ہزار ویکسین فراہم کی گئی جبکہ بلوچستان میں 16 ہزار کرونا ویکسین ڈوز پہنچائی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کےلیے ساڑھے 15 ہزار ویکسین فراہم کی گئی جبکہ آزاد کشمیر کو 11 ہزار اور گلگت بلتستان میں پانچ ہزار کرونا ویکسین کی ڈوز فراہم کی جاچکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ  چین سے درآمد کی جانے والی کرونا ویکسین ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جارہی ہے،  رجسٹرڈ ہونے والے فرنٹ لائن ورکرز کو انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنا شناختی کارڈ بھیج کر کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاتھا  کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہریوں کی ویکسینیشن کا آغاز مارچ کے ابتدائی ایام میں ہوگا، 65 سال سے زائد عمر کے شہری 1166 پراپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے وقت خود کو رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔

معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ جون تک کرونا ویکسین کی اضافی خوراکیں فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں