127

پوری قوم مقبوضہ کشمیر کیساتھ ہے، آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے: نواز شریف

مظفرآباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تمام بچوں، مجاہدین، بیٹوں، بیٹیوں کو کہنا چاہتا ہوں اپنے آپ کو اکیلا محسوس نہ کرنا، پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی۔

نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح لوگ ظلم برداشت کر رہے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے دلوں کی دھڑکن آپ کے ساتھ ہے، آپ کے قدم سے قدم ملا کر ساتھ کھڑے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نااہل قرار دے دیا گیا ہوں، دل بہت دکھی ہے، دلی خواہش تھی اور آج بھی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتا رہوں، کوئی فیصلہ اس رشتے کو نہیں توڑ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کے خلاف اس طرح کے فیصلے نہ آتے تو سب کے پاس با عزت روزگار ہوتا، سب کو رہنے کے لئے گھر ملتا اور لوگوں کو سستا و فوری انصاف ملتا، ہمارے پاس بہت پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیا۔

نواز شریف نے کہا ‘پاکستان سے نااہل ہوگیا ہوں لیکن آزاد کشمیر کے لئے اہل ہوں، یہاں تو نااہل نہیں ہوا، جب تک وہاں فیصلہ نہیں ہوتا میری ڈیوٹی یہاں لگنی چاہیے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جا کر لوگوں کی خدمت کروں گا’۔

یونیورسٹی گراؤنڈ میں سجائے گئے پنڈال میں شرکا کی بڑی تعداد موجود ہے،جلسے میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر اور مریم نواز کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں