123

خیبرپختونخوا حکومت کا بچوں سے زیادتی کے قانون میں ترمیمی بل تیار

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے بچوں سے زیادتی کے قانون میں ترمیم کا بل تیار کرلیا، ترمیمی بل صوبائی کابینہ کے آج اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق زیادتی کے قانون میں ترمیم کے بل میں تجویز کی گئی ہے کہ بچوں سے زیادتی کے ملزم کی سزا موت یا عمر قید رکھی جائے۔ بچوں سے زیادتی میں سزائے موت پانے والوں کی آڈیو ریکارڈنگ کی تجویز بھی ہے۔

مسودے کے مطابق آڈیو ریکارڈنگ حکومتی منظوری کے بعد عوام کو بھی دی جاسکے گی، زیادتی میں ملوث عمر قید کی سزا پانے والے قیدی قدرتی موت تک جیل میں ہی رہیں گے۔

بل میں یہ بھی تجویز سامنے آئی ہے کہ عمرقید پانے والے قیدیوں کو پیرول پر رہا نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ترمیمی مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کو حکومت سزا میں معافی نہیں دے گی۔ بچوں کی غیراخلاقی ویڈیو بنانے پر 14 سال قید با مشقت اور 5 لاکھ جرمانے کی بھی تجویز ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کابینہ اجلاس میں ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں