159

ہمارے دور میں کوئی حکومتی وفد اسرائیل نہیں گیا، (ن) لیگ کی تردید

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں وفد اسرائیل بھجوانے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایسا کوئی دورہ یا رابطہ نہیں ہوا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایسی حرکتوں پر ’’لعنت اللہ علی الکاذبین‘‘ ہی کہا جاسکتا ہے، ایسی بے بنیاد اطلاعات پھیلا کر سیاسی مخالفین کو نہیں پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کشمیر سمیت قومی مفادات پر قائداعظم کے اصولی موقف کی حامی اور پہرے دار ہے، دراصل  ’انڈین ایجنٹ‘ بنانے والوں نے اپنی سیاہ کرتوت چھپانے کے لیے اب یہ نیا فتنہ تیار کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرو تم، الزام لگاؤ نواز شریف پر؟ کابینہ کے وزیر کی خبریں آنے پر اب یہ الزام بھی نوازشریف پر؟ کوئی شرم، کوئی حیاء؟ نالائق، کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ لاؤ تم اور ہر تباہی کا ذمہ دار نواز شریف؟

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ خبردار کرتے ہیں کہ یہ حربے بند کیے جائیں، ملکی مفاد میں ہماری خاموشی کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے اس معاملے پر ہم نے بولنا شروع کیا تو جھوٹ پھیلانے والے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں