167

وفاقی حکومت کا ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان میں ڈرون کے استعمال کے لیے ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نے پہلی ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے لئے قانون سازی کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ملک کی پہلی ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بریفنگ دی، جس میں ڈرون ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پُر امن اور تحقیقی استعمال سے آگاہ کیا گیا۔

فواد چوہدری سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی زراعت، شہری منصوبہ بندی، سیکیورٹی اور امن و عامہ کے لیے بہت افادیت ہے، وزیر اعظم نے اس حوالے سے قانون سازی کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جو کہ ایک ماہ کے اندر ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی کے قانون کا مسودہ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ پالیسی کے نتیجے میں پاکستان میں ڈرونز اور خصوصاً زرعی ڈرون کی انڈسٹری میں نئی جہتیں آئیں گی اور جدید ڈرونز کی پرائیویٹ امپورٹ بھی ممکن ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے پاکستانی انجینئرز نے کسانوں کی سہولت کے لیے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جدید ڈرون تیار کیا تھا۔

اس ڈرون کی مدد سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سہولت کے ساتھ اسپرے کیا جا سکے گا، یہ ‘میڈ اِن پاکستان’ پراجیکٹ کے تحت تیار کردہ سب سے بڑا اسپرے ڈرون ہے، جس کا ٹیسٹ رن کامیاب رہا تھا۔

این آر ٹی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتہائی کم قیمت ڈرون جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انجینئرز کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس ڈرون کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں