249

ارتغل غازی آنگین آلتن سے فراڈ کرنے والا نوسرباز کاشف ضمیر گرفتار

لاہور : پنجاب پولیس نے ارتغل غازی کا مرکزی کردار نبھانے والے ترک اداکار کو دھوکہ دینے والے نوسرباز کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے آنگین آلتن کے ساتھ فراڈ کرنے والے اور متعدد فراڈ کیسز میں مطلوب کاشف ضمیر نامی نوسرباز کو گرفتار کرنے کےلیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی کارروائی کی۔

پولیس نے ارتغل غازی کا کردار نبھانے والے ترک اداکار کو بلانے والے نوسر باز کاشف ضمیر کی گرفتاری کے ساتھ اسلحہ بردار ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کاشف ضمیر اور دیگر ملزمان کی جانب سے دوران آپریشن مزاحمت بھی کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ کاشف ضمیر نے ترک اداکار آنگین آلتن کو پاکستان بلانے کےلیے دس لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا اور انہیں صرف آدھی رقم ادا کی، رقم پوری نہ ملنے پر ارطغرل غازی کے ہیرو انگین وطن واپس روانہ ہوئے گئے۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آنگین آلتن کو پہلی بار پاکستان مدعو کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کی بھی کوئی حقیقت نہیں بلکہ وہ بھی فراڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھوکا دہی اور معاہدے کی رقم آدھی ادا کرنے کی وجہ سے ترکی میں پاکستان کا امیج بہت زیادہ متاثر ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے ہیرو کو پاکستان مدعو کرنے والے کاشف ضمیر کے بارے میں انکشاف ہوا تھا کہ وہ 8 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے۔

کاشف ضمیر کے خلاف فراڈ، ڈکیتی، چوری سمیت 8 سنگین مقدمات درج ہیں، جن میں سے چار ایف آئی آر لاہور، دو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لین دین کے تنازع پر دو سیالکوٹ میں درج ہیں۔

پنجاب پولیس کے مطابق کاشف ضمیر لاہور، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اشتہاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں