125

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، مزدوروں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور: پنجاب حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت صوبے میں مزدوروں کے لیے 2رہائشی کالونیاں بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ وزیر لیبر پنجاب انصر مجید کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا، ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اب مزدوروں کو بھی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ صوبے میں دو رہائشی کالونیوں کے قیام سے مزدوروں کو آسانی سے رہنے کی چھت مل سکے گی۔

اجلاس میں بینک کی جانب سے کالونی کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر لیبر پنجاب انصر مجید کا کہنا ہے کہ پنڈدادنخان میں کان کن میں کام کرنے والوں کے لیے کالونی بنائی جائے گی، پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے 340کنال کالونی کے لیے مختص کر دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں 273 کنال پر رہائشی کالونی بنائی جائے گی، لیبر کالونی ٹیکسلا پر 2ارب 75 کروڑ 98لاکھ لاگت آئے گی۔

شہروں کے قریب زمینوں کو ہاؤسنگ اسکیمز کیلیے استعمال کیا جائے، وزیراعظم

خیال رہے کہ حالیہ دنوں وزیراعظم کی زیر صدارت تعمیرات کے شعبے میں فروغ سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں تعمیرات کے شعبے سے متعلقہ اجازت ناموں اور این او سیز کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اُس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بڑے شہروں کی ماسٹرپلاننگ کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہری آبادی کے پھیلاؤ اور سہولتوں کی فراہمی کو منظم کیا جائے، شہروں کے قریب موجود زمینوں کو ہاؤسنگ اسکیمز کے لیے استعمال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں