180

مینارپاکستان جلسہ، پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کیخلاف مقدمہ درج

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے والی اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ تھانہ لاری اڈہ میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں مریم نواز، خواجہ سعدرفیق، احسن اقبال، شاہدخاقان، راناثنااللہ اور مریم اورنگزیب سمیت متعدد رہنما کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ کارسرکار میں مداخلت سمیت15دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شرکا نے قومی ورثہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

مقدمے میں کورونا ایس اوپیز اور ساؤنڈسسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔ مقدمہ پی ایچ اے کے سیکیورٹی افسر محمد ضمیر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر بری طرح ناکام رہا۔ بلاول بھٹو سمیت پی ڈی ایم رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ 13 دسمبر کا جلسہ لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مینارِ پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز جلسہ قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں