132

پیراگون اسکینڈل: گواہ کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کی گواہ کی عدم حاضری پر اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس سے متعلق احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، جج جواد الحسن نے ریفرنس پر سماعت کی، لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اورخواجہ سلمان رفیق احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو حکم دیا کہ گواہ کو پیش کریں، جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ آج نیب کی گواہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیوں پیش نہیں ہو سکتیں، یہ کیا بات ہوئی؟،

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ گواہ اقصیٰ جبیں کےخاندان میں شادی ہے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل سسٹم ایسے نہیں چلتا، اپنے گواہ کو پیش کریں، بیان آج ہی ریکارڈ ہوگا، جس کے بعد سماعت کو تھوڑی دیر کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب گواہ کی مصروفیات کی وجوہات کے لیےایل ڈی اے کو آگاہ کردیا، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ نیب تفتیشی افسر گواہوں کو عدالت پیش کرنے میں ناکام ہے، نیب گواہ عدالت میں پیشی کوسنجیدہ نہیں سمجھتا، گواہ کے پیش نہ ہونےسےکیس التواکاشکارہے اور پراسیکیوشن گواہ کی عدم حاضری پر تسلی بخش جواب دینےمیں ناکام رہی۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کی گواہ اقصیٰ جمیل کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت اٹھارہ دسمبر تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں