131

نیب ریفرنسز: وکیل صفائی حسین نواز کے انٹرویوز کی فراہم کردہ سی ڈیز پر اعتراض اٹھادیے

اسلام آباد: احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل نے نیب کی جانب سے حسین نواز کے انٹرویوز کی فراہم کردہ سی ڈیز پر اعتراض اٹھادیے۔ 

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔

نامزد تینوں ملزمان کی کمرہ عدالت میں موجودگی میں نیب کی جانب سے مختلف نجی چینلز کے پروگرامز ​کی سی ڈیز کمرہ عدالت میں چلا کر دیکھائی گئیں۔

اس سے قبل نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ نیب کی جانب سے فراہم کیے گئے انٹرویوز کی 3 سی ڈیز خراب ہیں، ہم نے سی ڈیز چلائیں تو فارمیٹ سپورٹ نہ کرنے کا میسج آرہا تھا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے مختلف نجی چینلز کے پروگرامز ​کی سی ڈیز کمرہ عدالت میں چلا کر دیکھائیں اور نواز شریف کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو خواجہ صاحب سی ڈیز چل گئیں۔

جس پر وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آپ کو مبارک ہو، آپ کی دی گئی سی ڈیز یہاں چل گئی ہیں۔

سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ محمد عبدالواحد جو  وز​ارت اطلاعات کے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کے ڈی جی ہیں، نے کہا کہ پی ٹی وی پرنواز شریف کا قوم سے خطاب، قومی اسمبلی میں تقاریر کی سی ڈیز اور متن بھی نیب کو دیا تھا۔

آج کی سماعت کے دوران نیب کی جانب سے پیش کیے جانے والے دو گواہان کے بیانات قلمبند ہوں گے اور وکیل خواجہ حارث ان پر جرح کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں