115

عمران خان نے اسما قتل کے ملزم کی گرفتاری پر خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی کو سراہا

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسما قتل کے ملزم کی گرفتاری پر خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ اسما قتل کیس میں کوئی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں تھی تاہم خون کے ایک قطرے کی مدد سے ملزم کو حراست میں لیا گیا، پیشہ ور خیبرپختونخوا پولیس کا کام قابل تحسین ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملزم کو پکڑ کر خیبرپختونخوا پولیس نے اپنی جدید فرانزک صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ملزم کی گرفتاری پر سیاست نہیں چمکائی اور دنیا کے جمہوری ممالک کی طرح پولیس چیف نے پروفیشنل پریس بریفنگ دی اور یہی فرق خیبرپختونخوا کی پیشہ ور پولیس اور پنجاب و سندھ کی کرمنل پولیس کے درمیان ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا پولیس چیف صلاح الدین محسود نے آر پی او مردان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے 4 سالہ اسما قتل کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اسما قتل کیس بالکل بلائنڈ کیس تھا، 16 کنال گنے کے کھیت میں کرائم سین واقع تھا اور کھیت میں گنے کے ایک پتے پر خون کے قطرے سے کیس ٹریس ہوا۔

صلاح الدین محسود کا مزید کہنا تھا کہ اسما قتل کیس کی سی سی ٹی وی ویڈیو تھی، نہ کوئی گواہ اور نہ کسی پر شک تھا تاہم پولیس افسران نے پہلے دن سے بہت محنت کی۔

یاد رہے کہ مردان کے گاؤں گوجر گڑھی کے علاقے جندر پار کی 4 سالہ بچی اسماء کی لاش 15 جنوری کو گھر کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوئی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کے بعد قتل کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں