26

75 سالہ خاتون نے اپنے بیٹوں کو گھر سے بےدخل کرنے کا مقدمہ جیت لیا

روم: کہتے ہیں ماں کی اپنے بچوں سے محبت لامحدود ہوتی ہے لیکن جب بچے تمام حدود پار کردیتے ہیں تو ماں کو اپنی ممتا کو خیرباد کہنا پڑتا ہے۔ ایسا ہی واقعہ اٹلی میں پیش آیا جہاں ایک اطالوی خاتون نے حال ہی میں اپنے دو بیٹوں کو اپنے گھر سے بےدخل کرنے کا عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں ایک ماں نے اپنے بیٹوں جن کی عمریں 40 اور 42 سال ہیں، کو اپنے گھر سے بے دخل کرنے کے لیے مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جب بیٹوں نے گھر سے نکلنے سے انکار کردیا تھا۔ تاہم انہوں نے مقدمہ جیت لیا ہے۔

اطالوی خاتون اتنی تنگ تھیں کہ ان کے پاس اپنے دو بالغ بیٹوں کو بے دخل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

شمالی اٹلی کے شہر پاویا سے تعلق رکھنے والی 75 سالہ خاتون طویل عرصے سے اپنے دونوں بچوں سے بات چیت کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ دونوں بیٹوں نے گھر میں مالی لحاظ سے کوئی ذمہ داری نہیں اٹھائی ہوئی تھی اور نہ ہی گھریلو کام کاج کرتے تھے۔

خاتون نے بیٹوں سے مطالبہ کیا کہ وہ الگ گھر لے لیں اب جبکہ وہ ملازمتیں کررہے ہیں اور اسکی استطاعت رکھتے ہیں۔ لیکن دونوں بیٹوں نے انکار کردیا جس پر بزرگ خاتون کے پاس انہیں عدالت میں لے جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں