93

سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنیوالے ملک عدنان کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کا اہم بیان سامنے آگیا۔

وزیر اعظم آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عدنان نے کہا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچا لوں، چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آ جائے کہ ملک کا نام خراب ہو۔

ملک عدنان نے کہا کہ شاید یہ قتل قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہو، یہ واقعہ  پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا، سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہو گی۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں بحیثیت فیکٹری مینجر ملازمت کرنے والے سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کو توہین مذہب کے الزام میں مشتعل افراد نے تشدد کر کے ہلاک کر دیا تھا اور بعد میں پریا نتھا کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔

ملک عدنان نے پریا نتھا کو مشتعل افراد کے تشدد سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ نہ بچا سکے۔ ملک عدنان کی اس کوشش پر وزیر اعظم عمران خان نے انہیں تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں