153

فواد عالم کا میچ کے حوالے سے اظہار خیال

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں فواد عالم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔ ٹیم مشکل میں تھی، اسی وجہ سے ہماری کوشش یہ رہی کہ آج کا دن وکٹ پر گزار لیں۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم نے نیوزی لینڈ سے شکست پر افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم مشکلات کا شکار تھی، ایسے وقت میں پرفارم کیا، میری طرح سب ہی نے میچ بچانے کی کوشش کی۔ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشنز بائے سیشنز آج کا دن گزارنا ہے۔

فواد عالم نے مزید کہا کہ مخالف بولر کی اچھی گیند پر تو بیٹسمین کو آؤٹ ہو ہی جانا ہوتا ہے، ہم دونوں کی وکٹ پر یہی کوشش تھی آؤٹ نہ ہوں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

ٹیسٹ کے آخری روز فواد عالم نے سینچری سمیت کئی ریکارڈز بنا ڈالے، کیویز کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے۔

اس کے علاوہ غیر ایشیائی کنڈیشنز کی چوتھی اننگز میں کریز پر سب سے زیادہ رکنے والے پاکستانی بیٹسمین کے طور پر بھی انہوں نے اپنا نام درج کروالیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں