20

بھارتی اداکارہ پونم ڈھلوں نے سوناکشی سنہا کی شادی کی تصدیق کردی

ممبئی: بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ پونم ڈھلوں نے معروف اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تصدیق کردی۔

گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ سوناکشی سنہا اور اُن کے دیرینہ دوست و اداکار ظہیر اقبال رواں ماہ 23 جون کو شادی کررہے ہیں۔

اس جوڑے کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ بھی لیک ہوگیا ہے جس میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کو اپنے خاندان والوں اور دوستوں کو شادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔

دعوت نامے کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب 23 جون کو ممبئی میں رات 8 بجے منعقد ہوگی، اس جوڑی نے ابھی تک اپنی شادی کی خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے تاہم اب سینیئر اداکارہ پونم ڈھلوں نے دونوں کی شادی کی تصدیق کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونم ڈھلوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ سوناکشی سنہا نے مجھے اپنی شادی کا خوبصورت دعوت نامہ بھیجا ہے، میں اُن کی زندگی کے نئے سفر کے لیے بہت زیادہ خوش ہوں۔

پونم ڈھلوں نے کہا کہ میں سوناکشی سنہا کو اُن کے بچپن سے جانتی ہوں، وہ بہت ہی پیاری اور خوش مزاج شخصیت کی مالک ہیں، میری نیک خواہشات اور دُعائیں سوناکشی کے ساتھ ہیں۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی گفتگو میں سوناکشی سنہا کے ہونے والے شوہر ظہیر اقبال سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سوناکشی کو ہمیشہ خوش رکھنا، وہ بہت پیاری ہیں اور ہم سب کے لیے بہت اہم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں