15

‘پی ٹی وی’ بھنگ پی کر سو رہا ہے، یاسر حسین

 کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے سینیئر اداکار اورنگزیب لغاری کے وائرل انٹرویو کے بعد سرکاری ٹیلی ویژن ‘پی ٹی وی’ کی خراب کارکردگی پر طنزیہ وار کردیا۔

یاسر حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ماضی کے معروف اداکار اورنگزیب لغاری کے حالیہ انٹرویو کی پوسٹ شیئر کی جس میں اداکار نے بتایا تھا کہ اُنہوں نے شوبز میں کام نہ ملنے کی وجہ سے فرنیچر کا کاروبار شروع کر دیا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوری میں یاسر حسین نے کہا کہ سارے ڈرامے کراچی میں بن رہے ہیں جبکہ ان ڈراموں میں کام کرنے کے لیے لاہور کے فنکاروں کو کراچی نہیں بلایا جاتا۔

یاسر حسین نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی، جو تمام شہروں کے فنکاروں کو کام دیتا تھا، آج وہ بھنگ پی کر سو رہا ہے۔

اُنہوں نے سرکاری ٹیلی ویژن کی خراب کارکردگی پر سوالیہ نشان اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی شرم کی بات ہے کہ پی ٹی وی نے گزشتہ 20 سالوں سے کوئی بھی اچھا ڈرامہ نہیں بنایا۔

اداکار نے ماضی کے مقبول ڈراموں کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ تنہائیاں، دھواں، آنگن ٹیڑھا، گیسٹ ہاؤس جیسے ڈراموں کے فنکار کہاں گئے؟

yasir

واضح رہے کہ اورنگزیب لغاری نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ جب لاہور میں ڈرامے بننا بند ہوئے تو وہ کام کے سلسلے میں کراچی منتقل ہوگئے تھے، وہ اسی اُمید سے کراچی گئے تھے کہ وہاں اُنہیں کام مل جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

اورنگزیب لغاری کا کہنا تھا کہ جب کراچی میں بھی خاص کام نہیں ملا تو وہ واپس لاہور آگئے، گھر چلانے کے لیے اپنی زمینیں فروخت کرتے رہے لیکن اب گزارا مشکل ہوتا جارہا تھا تو اُنہوں نے لاہور کے ملتان روڈ پر فرنیچر کا اپنا شوروم بنا لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں