22

صاحبہ افضل نے اداکاری چھوڑنے کی وجہ بتادی

ماضی کی مقبول ترین پاکستانی اداکارہ صاحبہ افضل نے شادی کے بعد اداکاری چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔

اداکارہ صاحبہ افضل نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام “مزاق رات” میں بطورِ مہمان شرکت کی جس میں اپنی ازدواجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

صاحبہ افضل نے کہا کہ “میں اس پروگرام میں پہلی بار بتا رہی ہوں کہ میری پہلی محبت ریمبو نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری تھی، مجھے اپنے کام سے عشق تھا اور کوئی بھی انسان اپنی پہلی محبت نہیں بھول سکتا”۔

اُنہوں نے اداکار اور کامیڈین جان افضل (جو جان ریمبو کے نام سے مشہور ہیں) سے شادی کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “ریمبو کی عُمر نکل رہی تھی اس لیے میں نے شادی کی”۔

صاحبہ نے شادی کے بعد فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو خیرباد کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ “ریمبو نے مجھے اتنی محبت اور عزت دی کہ میں شوبز انڈسٹری کو بھول گئی”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ریمبو وہ انسان ہیں جس کی مجھے اپنی زندگی میں تلاش تھی، اُن کی وفا، ایمانداری، سچائی اور محبت نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا”۔

صاحبہ نے مزید کہا کہ “مجھے بہت زیادہ غصہ آتا ہے اور میں اپنا غصہ شوہر ریمبو پر نکالتی ہوں لیکن میں خود کو غصے پر کنڑول رکھنے کا مشورہ بھی دیتی ہوں”۔

اس سے قبل رواں سال جون میں ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ٹاک شاک میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبہ کے شوہر ریمبو نے کہا تھا کہ سب سے پہلے تو میاں بیوی کو اس چیز کا خیال رکھنا چاہیے کہ اُن کے درمیان ہونے والی لڑائی کا کسی تیسرے کو معلوم نہ ہو اور سوشل میڈیا سے اس کو بچائیں کیونکہ سوشل میڈیا سوکن کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کچھ اچھے دوست ہوتے ہیں مگر جب انہیں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کا علم ہوتا ہے تو وہ کان بھرتے ہیں اور اگر لڑکی یا لڑکے کی فیملی میں بات چلی جائے تو پھر وہ اپنے مشورے دے کر بگاڑ پیدا کرتے ہیں، بہت کم ہی لوگ ایسے ہیں جو اچھے اور نبھانے والے مشورے دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ صاحبہ افضل نے پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین جان افضل (جان ریمبو) سے 90 کی دہائی میں شادی کی تھی، اس جوڑی کی دو جوان بیٹے بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں