123

سری دیوی نے ’لیک می فیشن ویک 2018‘میں بیٹی جھانوی کو سب کے سامنے ڈانٹ دیا

بالی وڈ اداکارہ سری دیوی نے اپنی بیٹی جھانوی کپور کو ’لیک می فیشن ویک 2018‘ میں سب کے سامنے جھاڑ پلادی۔

سری دیوی کا شمار فلم نگری کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کو سوچ کر فلم کے کردار لکھے جاتے تھے۔

اداکارہ نے ماضی میں کئی دہائیوں تک فلم نگری پر راج کیا ہے اور اب ان کی بیٹی جھانوی کپور بھی بالی وڈ میں کیریئر کا آغاز کرنے والی ہیں۔

سری دیوی اپنی بیٹی جھانوی کپور کے کیریئر کے ساتھ ساتھ کئی معاملات میں ان کی رہنمائی کر رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جھانوی کو والدہ کا غصہ سرعام برداشت کرنا پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’لیک می فیشن ویک 2018‘ میں ریمپ پر واک کے دوران سری دیوی نے جھانوی کپور کو سب کے سامنے جھاڑ پلادی۔

 دونوں ماں بیٹی نے ایک ساتھ ریمپ پر واک کی جس کے بعد سری دیوی نے اکیلے ریمپ پر واک کی اور تصاویر بنوائیں، اس موقع پر جھانوی نے بھی ریمپ پر اکیلے واک کرنے اور تصاویر بنوانے پر اصرار کیا، جس پر سری دیوی غصے سے لال ہوگئیں اور  سب کے سامنے ڈانٹ کر بیٹی کو اپنے ساتھ لے گئیں۔

جھانوی کپور بھی سب کے سامنے والدہ سے ڈانٹ کھانے کے بعد شرمندگی سے ہاتھ ہلاتے ہوئے چلتی بنیں تاہم یہ سب مناظر کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔

یاد رہے کہ جھانوی کپور دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ’دھڑک‘ سے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں جو رواں برس سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں