119

راحت فتح علی خان کی آواز کا جادو بالی وڈ فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ میں چل گیا

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز کا جادو ہر بار کی طرح اس بار بھی بالی وڈ فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ میں چل گیا۔

فلم کا ایک گانا ’اشتہار‘راحت فتح علی خان اور ساتھی گلوکارہ دھوانی بھانوشالی نے گایا ہے جو گلوکارہ کا بالی ووڈ کے لیے پہلا گانا ہے۔

گلوکارہ کا کہنا ہے کہ وہ راحت فتح علی خان جیسے بڑے گلوکار کے ساتھ ڈبیو کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گانے کے بول ایسے ہیں جو دل تک اترتے ہیں، یہ گانا محبت اور بے رخی کے درد کو بیان کرتا ہے۔

گانا ’اشتہار‘ شامر ٹنڈن نے کمپوز کیا ہے جسے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

فلم کے مرکزی کرداروں میں اداکارہ سوناکشی سنہا اور دلجیت دوسانجھ شامل ہیں جب کہ اس فلم میں ہداہت کار کرن جوہر بھی بطور معاون اداکار جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کی کاسٹ میں بومن ایرانی سمیت رتیش دیشمکھ اور لاار دتہ بھی شامل ہیں۔

’پوجا اور وز فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم کی ہدایت کاری کی خدمات چکری تولیتی انجام دے رہے ہیں۔

فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ کی کہانی بھارت کے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو بہتر زندگی کی تلاش میں نیویارک جاتے ہیں اور پھر ان کی زندگیوں میں تدبیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

فلم 23 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں