114

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان دھڑے بندی کا شکار

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان دھڑے بندی کا شکار ہوگئی جب کہ پارٹی کے سربراہ فاروق ستار اور رہنما عامر خان نے آج الگ الگ اجلاس طلب کرلیے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر کامران ٹیسوری کی پارٹی کے ایک دھڑے کی جانب سے گزشتہ روز رکنیت معطل کیے جانے پر فاروق ستار نے شدید برہمی کا اظہار کیا، اور مخالف دھڑے کو ہی معطل کرتے ہوئے ان کے فیصلے کو غیرآئینی قرار دیا۔

پارٹی کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کے بعد فاروق ستار نے آج سہہ پہر 3 بجے کے ایم سی گراؤنڈ میں جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا جب کہ مخالف دھڑے کو کہا ہے کہ وہ اپنے اقدام پر معافی مانگیں۔

دوسری جانب عامر خان نے بھی بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے لئے ڈھائی بجے کی کال دے رکھی ہے۔

فاروق ستار کا پارٹی میں دھڑے بندی کے بعد گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘چاہتا ہوں ایم کیو ایم پاکستان قومی جماعت بنے اور ترقی کرے، نئے آنے والوں کو گلے لگایا جائے اور انہیں بھی آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے راستے بند نہ کیے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈمی سربراہی مجھے منظور نہیں، پارٹی کے فیصلوں میں رائے شامل نہ ہو اس طرح پارٹی نہیں چلا سکتا، آپ چاہتے ہیں کہ میں پارٹی کی سربراہی کروں تو میری حکمت اور پارٹی کی ضرورت کو سمجھا جائے، اگر میں غلط فیصلہ کررہا ہوں تو مجھے سربراہ نہیں ہونا چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ’غیر قانونی‘ اجلاس بلانے والے آج کے کارکنوں کے اجلاس تک معطل ہیں اور ان کی جانب سے کیے گئے فیصلے بھی معطل کردیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں