106

فروری کے بلز میں وصولی، بجلی صارفین کیلئے اہم خبر

اسلام آباد : نیپرا نے  بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ، حکام کا کہنا ہے کہ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ فروری کے بلز میں وصول کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی زیر صدارت ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پرسماعت ہوئی ، نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیئرمین نیپرا نے کہا نیپرا نے 1روپے 30 پیسے سے1روپے 60 پیسے تک کا اندازہ کیا ، تفصیلی فیصلہ ایک ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ فروری کے بلزمیں وصول کی جائے گی ، دسمبر میں ایل این جی میں کمی سے گیس سے کم بجلی پیدا ہوئی، فرنس آئل استعمال سے3ارب 60کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے جبکہ کوئلہ سے زیادہ بجلی بنا کر صارفین کو ریلیف دیا گیا۔

یاد رہے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) میں بجلی کی قیمتوں میں1 روپے 80 پیسے اضافے کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ ماہ فرنس آئل پر12روپے27پیسے میں مہنگی ترین بجلی پیداکی گئی، گزشتہ ماہ مجموعی طور پر7ارب روپے56کروڑیونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست میں یہ بھی لکھا تھا کہ بجلی کی پیداواری لاگت 47ارب41کروڑ روپے رہی، بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 6 روپے 26پیسے رہی۔

درخواست متن کے مطابق بجلی فیول لاگت ریفرنس پرائس کاتخمینہ4روپے46پیسے لگایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں