139

پرویز مشرف کو اڈیالہ جیل بھیجا جائے گا تو سپریم کورٹ کو آزاد سمجھیں گے، احسن اقبال

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کا سب سے بڑا مجرم پرویز مشرف ہے، اگر عدالت ملک میں کوئی مثال بنانا چاہتی ہے تو پرویز مشرف کو طلب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف آئین شکنی، ججز کو قید کرنے، ان کے بچوں کو قید کرنے، دوائیں بند کرنے اور ججز کو گھسیٹنے جیسے جرم کرچکا ہے لیکن عدالت ان جرائم پر سزا دینے سے قاصر ہے تو عام کارکنوں کو توہین عدالت میں بند کرنے سے عدالت کا رعب قائم نہیں ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا  کہ پرویز مشرف کو اڈیالہ جیل بھیجا گیا تو سپریم کورٹ کو آزاد سمجھیں گے اور عدالت کا رعب تب ہی قائم ہوگا جب مشرف کو نہال ہاشمی کی طرح جیل میں ڈالا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر (ن) لیگ ہی نہیں دنیا بھر نے تحفظات کا اظہار کیا اور تحفظات کا اظہار اگر توہین عدالت ہے تو جی ٹی روڈ پر آنے والی پوری قوم توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کیاجائے گا تو لوگ سمجھیں گے کہ یہ پری پول دھاندلی ہے اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کو اقامے پر عہدے سے ہٹایا گیا اور الیکشن سے پہلے احتساب عدالت سے سزا دلوا کر پری پول دھاندلی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے اداروں کا احترام لوگوں میں قائم رہنا چاہیے، نوازشریف ہمارے صدر ہیں ان کے فیصلے سب قبول کرتے ہیں، انہوں نے جو نامزدگی کی ہے اس پر سب کا اتفاق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جولائی 2013 میں پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ یعنی سی پیک کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا لیکن موجودہ دور حکومت میں 1600 کلومیٹر موٹرویز تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ ملتان-سکھر منصوبہ 400 کلومیٹر ہے جس کی لاگت 300 ارب ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 4 سالوں میں ہونے والی سرمایہ کاری گذشتہ 70 سالوں میں نہیں ہوئی، جب ماڈرن انفراسٹرکچر آتاہے تو معیشت ترقی کرتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ ملک میں انتشار کو جگہ نہ دیں، امن قائم ہوگا تو 2025 تک ہم ٹاپ 25 معیشتوں میں شامل ہوجائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں