135

ضلع غربی کراچی کا پورا محکمہ غیر قانونی ٹھیکے پر دے دیا گیا، تحقیقات شروع

کراچی: ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام ہو گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا۔

ضلع غربی کراچی کے تمام اشتہارات کا ٹھیکا افسران نے ملی بھگت سے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی فرم کو دے دیا تھا، ڈپٹی کمشنر غربی نے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور محکمے کو ٹھیکے پر دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ نے محکمہ اشتہارات کو ٹھیکے پر دینے والے ڈائریکٹر اشتہارات زاہد حسین خواجہ کو برطرف کر دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع غربی کے افسران نے شاپ بورڈز کے علاوہ ہورڈنگز بورڈز، موونگ پبلسٹی، بینرز، اسٹیمرز، پوسٹرز، پٹرول پمپ پبلسٹی سمیت دیگر تمام اشتہارات کا ٹھیکہ دیا تھا۔

وہ تمام ایڈورٹائزنگ ڈیوائسز بھی ٹھیکے پر دے دی گئیں تھیں جس پر عدالت نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات نے کروڑوں کا ریونیو دینے والے محکمے کو غیر قانونی طریقے سے پرائیوٹائز کرنے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے پر محکمے اور ڈی ایم سی افسران کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں