130

شہزاد اکبر نے مریم اورنگزیب کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

اسلام آباد: مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر نے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر کی جانب سے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔

شہزاد اکبر کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم اورنگزیب مجھ سے متعلق ہتک آمیز بیان واپس لیں، وہ اپنے بیانات پر 14 دن میں غیر مشروط معافی مانگیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم اورنگزیب نے آج نیوز کانفرنس کے دوران جھوٹا اور ہتک آمیز بیان دیا، انہوں نے مجھ پر الزام لگایا کہ براڈ شیٹ سے 50 فیصد کمیشن لینے کی کوشش کی۔

شہزاد اکبر کے نوٹس کے مطابق مریم اورنگزیب نے مجھ پر ملکی خزانے کو ذاتی کاروبار بنانے کا الزام لگایا، ان کا مقصد مجھے احتساب کے عمل سے پیچھے ہٹانا تھا۔

شہزا داکبر نے نوٹس میں کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کا بیان جھوٹا اور بے بنیاد ہے، براڈ شیٹ کے سی ای او کئی بار بتا چکے ہیں کہ شہزاد اکبر دیانت دار آدمی ہیں۔

انہوں نے نوٹس میں کہا کہ مریم اورنگزیب نے موجودہ اینٹی کرپشن مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، انہوں نے جھوٹے بیانات دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ، وہ ہرجانہ نوٹس کی 20 لاکھ روپے لیگل فیس بھی ادا کریں، اگر معافی نہیں مانگی اور ہرجانہ نہ بھرا تو قانونی کارروائی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں