103

ملک مشکل میں ہے، ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

مالاکنڈ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل میں ہے، ہم ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام خود مستقبل کے فیصلے کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وہ خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ اس دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے، ہم کرپشن کے ناسور کو ختم کریں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہا خیبر پختون خوا کو واجب الادا 160 بلین روپے نہیں دیے گئے، حکومت آپ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہے، ہم تو چاہتے تھے کہ فاٹا خیبر پختون خوا میں ضم ہو، لیکن انھوں نے خیبر پختون خوا کو فاٹا میں ضم کر دیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا ملک میں نہ صحافت، نہ سیاست اور نہ عوام آزاد ہے، ہم آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، میں اور آپ مل کر یہ جدوجہد کریں گے۔

انھوں نے کہا ملک کی معیشت تباہ ہوگئی، پاکستان کی معیشت کا گراف بنگلا دیش اور افغانستان سے بھی نیچے ہے، ہم پر ایسی حکومت مسلط کی گئی ہے جسے معیشت کا بھی نہیں معلوم، پاکستان میں آدھے گھر غذائی قلت کا شکار ہیں، پورے پاکستان کو اندھیرے میں دھکیلا گیا، 50 لاکھ گھر کا وعدہ کر کے غریب عوام کے سر سے چھت چھین لی گئی۔

بلاول نے کہا مالاکنڈ کے عوام نے پورے پاکستان کو فیصلہ سنا دیا، ان کا ایک ہی مطالبہ ہے حکومت کا خاتمہ، دہشت گردوں کو امریکا افغانستان سے نہ بھگا سکا، مالاکنڈ کے عوام نے بھگایا، مالاکنڈ کے عوام نے آمروں کا مقابلہ کیا، عوام سے وعدہ کر رہا ہوں مل کر اس حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں