93

کراچی دھرنوں کی وجہ سے ہمیں‌ بھی مشکلات کا سامنا ہے، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کے کہا ہے کہ شہر قائد میں جاری دھرنوں کی وجہ سے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعیدغنی کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں پچھلے پانچ دنوں سے دھرنا جاری ہے، جس کی وجہ سے کاروبار بند اور مریضوں کو مشکلات جبکہ تمام شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام عوام ہزارہ برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ہمیں محسوس ہورہا تھا کہ شاید وزیراعظم عمران خان کوئٹہ جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، حکومت پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کا دھرناکوئی چھوٹا دھرنا نہیں ہے، ہزارہ برادری کو وزیراعظم کی تسلی کی ضرورت ہے مگر جو کچھ ہوا اُس کے بعد اب کوئی بھی شخص حکومتِ وقت سے کوئی امید نہیں لگائے گا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری وزیراعظم سے صرف قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرے گی، اگر عمران خان تعزیت کے لیے چلے جاتے تو اُن کا دکھ کم ہوجاتا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ لاشوں کی جلد از جلد تدفین کردیں۔

واضح رہے کہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے قتل اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے 25 مختلف مقامات پر احتجاج و دھرنے جاری ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح سے درم برہم ہوا ہے۔

آج صبح شاہراہ فیصل پر مشتعل عوام اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی تھی جس کے بعد شرپسند عناصر نے پانچ موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی تھی، کراچی میں احتجاج پر بیٹھے شرکا کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کوئٹہ کا دورہ کریں اور قاتلوں کو گرفتار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں