102

وزیراعظم کے آنے تک تدفین نہیں ہوگی، دھرنا کمیٹی اور لواحقین اپنے مطالبے پر برقرار

کوئٹہ: دھرنا کمیٹی اور لواحقین نے وزیراعظم کے آنے تک اپنے پیاروں کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان ہمارے درد کو سمجھتے ہیں تو جلد ازجلد آئیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مچھ واقعے کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی اپنے مطالبے پر برقرار ہے اور ایک بار پھر کہا ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک تدفین نہیں ہوگی۔

دھرنا کمیٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہمارے درد کو سمجھتے ہوئے جلدازجلد آئیں ، وزیراعظم سےاپیل ہے آئیں اور ہمارے ساتھ ہمدردی کا اظہار کریں۔

یاد رہے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ملک میں ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں پر سب سے زیادہ ظلم ہوا، کوئٹہ میں ہمارےہزارہ کےلوگ بڑی مشکل میں بیٹھےہوئے ہیں ، مچھ میں کام کرنیوالے 11مزدوروں کو بےدردی سے قتل کیاگیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے ان کیساتھ ظلم ہوا ہے، کل تک ان کے تمام مطالبات ہم مان چکے ہیں، ان کاایک مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو تدفین کریں گے، سارے مطالبات مان لئے تو دفنانے پر شرط کیوں ؟ تدفین کیلئے وزیراعظم کی آمد کی شرط رکھنا مناسب نہیں ، جیسے ہی تدفین کریں گے تو میں کوئٹہ جاؤں گا، آج تدفین کریں تو آج ہی کوئٹہ آؤں گا۔

خیال رہے کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے کو 6 دن بیت گئے، مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے میں ورثا لاشوں سمیت احتجاج کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں