93

سوشل میڈیا پر سرمایہ کاری کا جھانسہ دینے والا غیر ملکی گروہ گرفتار

راولپنڈی: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے لاہور اور اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سرمایہ کاری کا جھانسہ دینے والے ملزمان کو دھرلیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے لاہور اور اسلام آباد میں کارروائی کی، لاہور میں کی جانے والی کارروائی میں پانچ غیر ملکی باشندے گرفتار کئے گئے، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کارروائی کی گئی، کارروائی میں اسی نیٹ ورک سے وابستہ پاکستانی شہری کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا پر سرمایہ کاری کا جھانسہ دیکر لوٹتے تھے، گرفتار ملزمان سے نقدی رقم اور جدیدآلات تحویل میں لےلیے گئے، اس کےعلاوہ ملزمان کے لاکھوں کی مالیت کے بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف آئی اے نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ لاہور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے خواتین، سیاسی شخصیات کے خلاف غیراخلاقی ٹرینڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے میرپورخاص میں کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے والے نوجوان کو حراست میں لیا تھا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں