152

اسامہ قتل کیس کی تحقیقات ، جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس آج ہو گا

اسلام آباد : اسامہ قتل کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جے آئی ٹی کاپہلا اجلاس آج ہو گا، جس میں ابتدائی واقعےکی رپورٹ تیارکی جائے گی اور گرفتارپولیس اہلکاروں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسامہ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی کا پہلااجلاس آج ہو گا، جےآئی ٹی کی سربراہی ایس پی صدر سرفراز ورک کررہے ہیں ، اجلاس میں جےآئی ٹی کےتمام ارکان شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے اجلاس میں ابتدائی واقعےکی رپورٹ تیارکی جائےگی اور جےآئی ٹی گرفتارپولیس اہلکاروں کےبیانات بھی ریکارڈکرے گی جبکہ جے آئی ٹی بیانات سے قبل جائے وقوعہ کا بھی دورہ کرے گی۔

یاد رہے چیف کمشنر نے ایس پی صدر سرفراز ورک کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، جے آئی ٹی میں ڈی ایس پی رمنا، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اور ایس ایچ اورمنا شامل ہیں، ٹیم جلد از جلد اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔

خیال رہے وزیراعظم نے اسلام آباد میں فائرنگ سے نوجوان اسامہ ستی کی موت کا نوٹس لیا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ آج اسامہ ستی کے گھر پہنچے اور نوجوان کی موت پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

اسدعمر کا کہنا تھا کہ انکوائری شروع ہوگئی ہے،2سے3 دن میں مکمل ہوجائےگی، واضح نظرآرہاہےکہ معصوم بچےکاقتل ہواہے ، بچے کے والد کامطالبہ ہے ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں انکوائری کی جائے اور ان کےبیٹےکےقاتلوں کواس گھناؤنےجرم کی سزاملےگی۔

آئی جی اسلام آباد عامرذوالفقار نے مقتول اسامہ ستی کے خاندان سے اظہارافسوس کرتے ہوئے مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی، ان کا کہنا تھا کہ واقعےمیں ملوث 5ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں اور ملزمان کوعدالت میں پیش کرکے3دن کاجسمانی ریمانڈحاصل کیا گیا۔

واضح رہے اسلام آباد جی ٹین میں اے ٹی ایس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان جاں بحق ہوا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ رات کو کال آئی گاڑی سوار ڈاکو شمس کالونی میں ڈکیتی کی کوشش کررہے ہیں، اے ٹی ایس پولیس کے اہلکار جو گشت پر تھے نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا، پولیس نے کالے شیشوں والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، روکنے کی کوشش پر ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جس پر فائرنگ کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں