157

سعودی عرب کا فضائی آپریشن پر پابندی کا اعلان، پی آئی اے کی پروازیں بھی منسوخ

کراچی : سعودی عرب نے ایک ہفتے کیلئے پروازوں کی معطلی کا اعلان کردیا، جس کے باعث آج سعودیہ جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مہلک وبا کرونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد میں یک دم اضافہ ہوگیا جس سے اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بچانے کےلیے سعودی حکام نے بین الااقوامی فضائی آپریشن پر پابندی عائد کردی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کےلیے سعودی عرب کے فضائی آپریشن معطل کرنے کے باعث آج سعودی عرب جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں اور اجازت نامہ دوبارہ حاصل ہونے تک پروازیں منسوخ رہیں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے جدہ اور جدہ سے لاہور کےلیے پی آئی اے کی پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں جبکہ اسلام آباد اور لاہور سے دمام جانے اور آنے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ کراچی سے مدینہ جانے اور آنے والی پروازیں بھی منسوخ ہوگئی جبکہ مدینہ سے ملتان آنے والی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی لہر پھیلنے کے باعث کرونا مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث کویت، سعودی عرب، اٹلی سمیت کئی ممالک سے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں