113

کورونا تفتیش ؛ چین بالآخر عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو اجازت دینے پر راضی

بیجنگ:چین نے بالآخر کورونا وائرس کی جائے پیدائش سے متعلق تفتیش کرنے والے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو ووہان جانے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو ووہان کا دورہ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، یہ ماہرین کورونا کی جائے پیدائش اور وبا کے تیزی سے پھیلاؤ جیسے اہم امور کا جائزہ لیں گے۔

اس حوالے سے چین کے قومی صحت کے ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کی ٹیم 14 جنوری کو چین پہنچے گی اور ٹیم کو ووہان کا دورہ کرایا جائے گا۔

قبل ازیں 6 جنوری کو عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بتایا تھا کہ ماہرین کی ٹیم کو چین نے آخری لمحات میں ووہان جانے سے روک دیا گیا ہے جو کہ نہایت تشویشناک بات ہے۔ ماہرین کی ٹیم کو ووہان میں  کورونا کی جائے پیدائش سے متعلق تفتیش کرنی تھی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ہلاکت خیزی کا باعث بننے والے اس مہلک وائرس کی ابتدا چین کے شہر ووہان میں ستمبر 2019 میں ہوئی تھی جس کے بعد اس نے عالمی وبا کی صورت اختیار کرلی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں