111

شمالی کوریا نے امریکا کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکا کو اپنے ملک کا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے اپنے ایک بیان میں امریکا کو سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جوہری اور میزائل پروگرام کو آگے بڑھائیں گے۔

انھوں نے منگل کو کانگریس میں اپنی تقریر میں جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ملک کی خارجہ پالیسی، سیاسی سرگرمیاں امریکا کو دبانے اور اس پر غلبہ پانے پر مرکوز ہونی چاہیئں۔

واضح رہے کہ کم جونگ اُن کا یہ بیان نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے رواں ماہ منصب سنبھالنے سے چند ہی روز قبل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا قطع نظر اس سے کہ وائٹ ہاؤس میں کون منصب سنبھالتا ہے، شمالی کوریا سے متعلق امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

کم جونگ اُن نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں مستقبل کے تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا مخاصمانہ رویہ بدلے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کو مزید چھوٹا اور کم وزن کرے گا، ٹیکٹیکل جوہری اسلحہ بنائے گا، اور انتہائی بڑے جوہری ہتھیاروں کی پائیدار بنیادوں پر پیداوار کو عملی جامہ پہنائے گا۔

کم جونگ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بیلسٹک میزائلز پر کثیر تعداد میں وار ہیڈز نصب کرنے اور ٹھوس ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلز کی تیاری کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں