156

بھارت کی سرکاری ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان

نئی دہلی: بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کو کرونا وائرس وبا کے دوران اربوں رپے کا نقصان ہوگیا، بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر مکمل پابندی رہی۔

شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ اور ایئر انڈیا کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل نے پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کے دوران راجیو بنسل نے بتایا کہ مالی برس 20-2019 کے لیے ایئر انڈیا اور اس کی پانچ ذیلی تنظیموں کے اکاؤنٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

راجیو کے مطابق گزشتہ برس 3 ہزار 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، یہ اس سے ایک برس کی نسبت کم ہے۔

ایئر انڈیا پر پہلے ہی ہزاروں کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، ایئر انڈیا اور اس کی دو معاون کمپنیوں میں ایئر انڈیا کی پوری حصہ داری جلد فروخت کردی جائے گی۔

بنسل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران پروازوں پر مکمل پابندی کے بعد مسافروں کی تعداد میں بتدریج اضافے کے ساتھ سرکاری ایئر لائنز کی مالی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے دوسری سہ ماہی پہلی سہ ماہی سے بہتر تھی جبکہ تیسری سہ ماہی دوسری سے بہتر رہی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر انڈیا گروپ وندے بھارت مشن کے تحت اب تک 6 ہزار 250 سے زائد پروازیں چلا چکا ہے۔ ان میں سے 10 لاکھ مسافر وطن آئے جبکہ ساڑھے 6 لاکھ مسافر بیرون ملک کے لیے روانہ ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں