19

چینی صدر شی جنپنگ امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن: چین کے صدر شی جنپنگ اپیک اجلاس میں شرکت اور امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے ملاقات کے لیے سان فرانسسکو پہنچ گئے جہاں گورنر کیلی فورنیا اور امریکی وزیر خزانہ نے انھیں خوش آمدید کہا جب کہ چینی شہریوں نے ایئرپورٹ سے ہوٹل تک قطار بناکر ان کا استقبال کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بالی میں ایک سال قبل صدر جوبائیڈن اور چینی ہم منصب کی اہم ملاقات ہوئی تھی اور ایک مفاہمت نامے پر اتفاق بھی کیا گیا تھا جس کے بعد اب دوسری ملاقات ہونے جا رہی ہے۔

چین کے صدر شی جنپنگ کی امریکا میں مصروفیات میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) اجلاس میں شرکت کرنا بھی ہے جب کہ اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے وہ امریکی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

یوکرین جنگ اور پھر غزہ میں حماس اسرائیل جھڑپوں کے باعث امریکی اور چینی صدور یہ ملاقات اہمیت اختیار کرگئی ہے اور خطے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اپیک کے رواں برس اجلاس کو بھی  ’’سب کے لیے ایک لچکدار اور پائیدار مستقبل کی تخلیق‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے جس میں سب کی معاشی و تجارتی خود مختاری کی بات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 21 ممالک کی تنظیم ’’اپیک‘‘ کے اجلاس کا آغاز امریکی شہر سان فرانسسکو میں آج 15 نومبر سے ہورہا ہے جو 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ اپیک میں امریکا، روس اور چین سمیت جنوبی کوریا، تائیوان اور ہانگ کانگ بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں