155

گلو سے کپ چہرے پر چپکانے والے شخص کا بھیانک انجام

امریکا میں ایک شخص نے تفریحاً ایک کپ گلو کے ساتھ اپنے منہ سے چپکا لیا جس کے بعد اسے اسپتال جانا پڑا، ڈاکٹرز کا ارادہ ہے کہ اس کے چہرے کی جلد کاٹ کر کپ کو اس سے الگ کیا جائے۔

امریکی ریاست لوزیانا میں مارٹن نامی ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے قریب گوریلا گلو اور ایک ڈسپوزیبل کپ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

کچھ دن قبل ایک خاتون نے اپنے سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر پوسٹ کی تھیں جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ہیئر اسپرے ختم ہوجانے کے بعد جلدی میں انہوں نے اپنے بالوں پر گوریلا گلو کا استعمال کرلیا تھا جس کا ہولناک نتیجہ سامنے آیا۔

ٹیسیکا براؤن نامی ان خاتون کے بال بری طرح چپک گئے تھے اور گزشتہ 1 ماہ کے دوران بار بار دھونے کے باجود بھی نہیں کھلے، اس سلسلے میں انہوں نے مقامی ڈاکٹرز سے مدد لی لیکن ڈاکٹرز بھی ان کے لیے کچھ کرنے میں ناکام رہے۔

براؤن کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے سر میں خارش محسوس ہورہی ہے اور خطرہ ہے کہ وہ کسی انفیکشن کا شکار نہ ہوجائیں۔

بعد ازاں لاس اینجلس میں ایک سرجن کے خصوصی تعان سے 4 گھنٹوں پر مشتمل ان کی ایک سرجری کی گئی جس میں کیمیائی محلول کے ذریعے ان کے چپکے ہوئے بالوں کو الگ کیا گیا۔

مارٹن نامی شخص کا کہنا تھا کہ خاتون اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کو بڑھا چڑھا کر بیان کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ویڈیو بنائیں گے جس میں گلو سے ایک کپ اپنے چہرے پر چپکائیں گے اور تھوک کی مدد سے اسے الگ کردیں گے۔

تاہم جب انہوں نے یہ حرکت کی تو کپ ان کے چہرے سے چپک گیا اور انہیں بھی اسپتال بھاگنا پڑا۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ اس بات پر پچھتا رہے ہیں کہ انہوں نے یہ حرکت کیوں کی، اب ڈاکٹرز اس بات پر غور کر رہے ہیں میرے ہونٹوں کا ذرا سا حصہ کاٹ کر کپ کو الگ کیا جائے۔

مارٹن نے یہ بھی لکھا کہ ان کے لیے دعا کی جائے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کی اس پوسٹ پر سخت حیرانی کا اظہار کیا، صارفین کا کہنا تھا کہ اس شخص کی یہ حرکت حماقت کی انتہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں