171

’’خلائی مخلوق زمین پر پہنچ گئی؟‘‘

واشنگٹن: امریکی ماہر فلکیات نے دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق زمین پر پہنچ چکی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور ماہر فلکیات اوی لوب نے حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلائی مخلوق نے سال 2017 میں زمین کا دورہ کیا تھا۔

معروف آنجہانی سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ کے ساتھ کام کرنے والے پروفیسر اوی لوب نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا کہ آج سے پانچ سال قبل خلائی مخلوق نے زمین کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 19 اکتوبر 2017 کو نظام شمسی میں ایک لمبوتری ساخت کے سیارچے کو دریافت کیا گیا تھا جس کا نام ماہرین فلکیات نے ’اومواموا‘ رکھا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہارورڈ یونیورسٹی نے ایک تحقیق جاری کی تھی جس میں نظام شمسی میں داخل ہونے والے سیارچے کے بارے میں یہ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ زمین کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا ہوگا۔

تحقیق میں اس امکان کو بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ سیارچے کی چوڑائی کے مقابلے میں لمبائی دس گنا زیادہ تھی اور وہ ایک لاکھ 96 ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کررہا تھا۔

پروفیسر اوی لوب کے مطابق یہ ایلین ٹیکنالوجی ہوسکتی تھی تاہم ان کے ساتھی سائنس دانوں نے اس واقعے کو نظر انداز کردیا تھا۔

اوی لوب کو ان خیالات کے باعث اپنے ساتھی ماہرین فلکیات کے ساتھ اختلافات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں