20

سونے سے بنا ٹوائلٹ چرانے والے افراد پر چار سال بعد فردِ جرم عائد

آکسفورڈ: سابق برطانوی وزیر اعظم ونسٹن کی پیدائش گاہ سے 18 قیراط سونے سے بنا ٹوائلٹ چرانے والے چار افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔

59 لاکھ 50 ہزار ڈالرز مالیت کا ’امریکا‘ نامی یہ فن پارہ اطالوی فنکار نے بے تحاشا دولت والوں کے لیے بطور طنز بنایا تھا۔ یہ ٹوائلٹ آکسفورڈ شہر کے قریب بلینہیم پیلس میں نصب فن پارے کا حصہ تھا جسے ستمبر 2019ء میں چرا لیا گیا تھا۔

پیر کے روز کراؤن پراسیکیوشن سروس نے ایک بیان میں کہا کہ ان افراد کے خلاف مجرمانہ الزامات کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان افراد پر ڈاکے اور اشیاء کی غیر قانونی منتقلی کے متعلق سازش گھڑنے کے الزامات ہیں۔

ٹوائلٹ چوری کی اس واردات کے بعد سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا لیکن پیر 6 نومبر سے پہلے تک (چوری کے چار سال بعد تک) فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ دوسری جانب چوری کیا گیا فن پارہ ابھی تک بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔

یہ سنہرا ٹوائلٹ چوری سے قبل مکمل طور پر فعال تھا اور نمائش دیکھنے آنے والے اسے استعمال کے واسطے تین منٹ کےلیے بک بھی کروا سکتے تھے۔

پولیس کے مطابق چونکہ یہ ٹوائلٹ عمارت کے نکاسی کے نظام سے جڑا ہوا تھا اس لیے اس کو نکالنے کے بعد 18 صدی کی اس عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں