140

لندن فیلٹس ریفرنس، غیر ملکی گواہوں کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور

اسلام آباد  نواز شریف اور بچوں کے خلاف لندن فیلٹس ریفرنس پر احتساب عدالت نے غیر ملکی گواہوں کے بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کر لی ۔
ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بیرون ملک گواہان کے ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ عدالتی فیصلے کے مطابق غیر ملکی گواہان رابرٹ ریڈلے اور راجہ اختر ہائی کمیشن میں بیٹھ کر ویڈیو بیان ریکارڈ کرائیں گے ۔
احتساب عدالت میں نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس پر سماعت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی طرف سے آج حاضری سے استثناء کی درخواست دائر کی گئی ۔
وکیل نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کراچی میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے، آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں گے ۔
مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ اگر گواہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونا چاہتے ہیں تو نواز شریف کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے جس پر فاضل جج نے کہا کہ ایسے تو آپ سی ڈیز کا تبادلہ کرتے رہیں گے ۔
امجد پرویز نے کہا کہ نیب کی طرف سے جو ای میل درخواست کے ساتھ لگائی گئی ہے وہ بھی رابرٹ ریڈلے کی نہیں ہے ۔
ادھر نیب پروسیکیوٹر نے کہا کہ ماضی قریب میں بینظیر قتل کیس میں مارک سیگل کا بیان ویڈیو لنک پر قلمبند کیا گیا ۔
گواہان چھ اور سات فروری کو دستیاب ہوں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں