149

الیکشن کمیشن نے نہال ہاشمی کو ڈی نوٹیفائی کردیا

لیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروی کو توہین عدالت کیس میں دیئے گئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نہال ہاشمی کو ان کی سینیٹ کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کیا جارہا ہے۔

سینیٹ انتخابات سے قبل نہال ہاشمی کی نشست پر ضمنی الیکشن کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ نہال ہاشمی کو گذشتہ روز سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے جرم میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد وہ 5 سال کے لیے نااہل ہوگئے۔

نہال ہاشمی کی سزا اور نااہلی کا باعث گذشتہ برس 28 مئی کو کراچی میں کی گئی ایک تقریر بنی، جس میں انہوں نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ارکان کے خلاف دھمکی آمیز لہجہ اختیار کیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو میں نہال ہاشمی کو یہ کہتے سنا گیا کہ ‘حساب لینے والے آج حاضر سروس ہیں، کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنا دیں گے’۔

انھوں نے مزید کہا تھا، ‘اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والوں! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے۔’

ویڈیو سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اسے نہال ہاشمی کی ذاتی رائے قرار دیا گیا تھا اور پارٹی صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے نہال ہاشمی سے سینیٹر شپ سے مستعفی ہونے کو کہا تھا جبکہ ان کی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

گذشتہ روز سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی اور انہیں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، جس کے بعد وہ 5 سال کے لیے نااہل ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں