159

‘پرچی‘ سعودی عرب میں دکھائی جانے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی

سعودی گزٹ کے مطابق 35 سال سے سینما پر عائد پابندی ہٹنے کے بعد پہلی بار جب پاکستانی سفارت خانے میں فلم ’پرچی‘ کی اسکریننگ ہوئی تو ہال شائقین سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔
پاکستانی فلم ’پرچی‘ کے ساتھ بہت سے ریکارڈ پہلی بار جڑ گئے ہیں۔ پاکستان کی رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی فلم اب سعودی عرب میں دکھائی جانے والی نہ صرف پہلی پاکستانی بلکہ بین الاقوامی فلم بھی بن گئی ہے اور شنید ہے کہ جلد فرانس میں بھی ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ’پرچی‘ ہی ہوگی۔
سعودی گزٹ کے مطابق 35 سال سے سینما پر عائد پابندی ہٹنے کے بعد پہلی بار جب پاکستانی سفارت خانے میں فلم ’پرچی‘ کی اسکریننگ ہوئی تو ہال شائقین سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔ ’پرچی‘ کے لگاتار چھ شوز میں دو ہزار سے زائد افراد فلم دیکھنے آئے۔
فلم ’پرچی‘ کے پریمیئر میں سعودی شہزادے عبدالعزیز بن مطب اور خصوصی طور پر پاکستان سے آنے والے فلم کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی بھی موجود تھے۔
پرنس عبدالعزیز نے فلم کا شو منعقد کرنے والے آرگنائزرز کو اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سعودی ویژن 2030ء کے حوالے سے پاکستانی فلم کی نمائش ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاک سعودی رابطوں کو انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں بھی مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر بلال احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری بحالی کے دور میں ہے اور یکے بعد دیگرے اچھی فلمیں بن رہی ہیں جس کی ایک بڑی مثال ’پرچی‘ ہے۔
سعودی عرب پاکستانی فلموں کے لیے ایک ایسی مارکیٹ ہے جہاں سے اسے بڑے پیمانے پر مالی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ فلموں کا اسکوپ بھی یہاں بہت زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سوفٹ امیج پیش کرنے کے لیے ہم پاکستانی فلموں کی نمائش سمیت ہر اقدام کے لیے تعاون فراہم کریں گے۔
پرچی کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی نے کہا، “میں بہت خوش ہوں کہ ’پرچی‘ سعودی عرب میں باضابطہ طور پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔ سعودی عرب میں ہماری فلم کی نمائش کا تجربہ بہت زبردست رہا اور عوام سے جو رسپانس ملا وہ ناقابل یقین ہے۔”
ہال میں موجود افراد کا کہنا تھا کہ پرچی ماڈرن پاکستانی سینما کی عمدہ مثال ہے۔ فلم کے گانے، ڈائریکشن، مزاح سب اچھا تھا۔ مجموعی طور پر ’پرچی‘ ایک اچھی فلم ہے۔
فلم ’پرچی’ 5 جنوری کو پاکستان بھر کے 100سینما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی۔
فلم کا گانا ’بلو ہائے‘ بھی سپرہٹ ثابت ہوا ہے۔ یو ٹیوب پر اس گانے کو اب تک 10 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں