134

نہال ہاشمی کے کیس میں عدالتی روایت سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا، رانا ثنااللہ

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ جس شخص نے بھی عدالت سے غیرمشروط معافی مانگی اسے معاف کردیا گیا لیکن نہال ہاشمی کے کیس میں عدالتی روایت سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ججز کے نام پر پیسے لینے اور سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر کھڑے ہو کر عدلیہ کا مذاق اڑانے والے بابر اعوان کو غیر مشروط معافی پر معاف کیا جاسکتا ہے تو نہال ہاشمی کو بھی معاف کیا جاسکتا ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے بھی عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی لیکن ان کے کیس میں عدالتی روایت سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے سینیٹر نہال ہاشمی کو ججز مخالف تقریر کرنے پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا تھا۔
وزیر قانون پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر گفتگو اور تنقید کرنا آئینی اور جمہوری حق ہے، ہم نے سپریم کورٹ کے معزز ججز کی ذات کو کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد اس پر فوری طور پر عمل کیا اور وزیراعظم ہاؤس خالی کیا اگر وہ فیصلہ ماننے سے انکار کرتے تو یہ توہین عدالت ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں