135

بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر نیٹ پر ڈالنے والے گروہ کا رکن گرفتار

جھنگ: ( ) انٹرپول کینیڈا کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، ملزم الیکٹریکل انجینئر ہے ،ذہنی سکون کیلئے کام کرتا تھا۔ ملزم سے ممنوعہ فلمیں برآمد، دو سال سے دھندے میں ملوث تھا، ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بچوں کی نازیبا ویڈیوز (چائلڈ پورنوگرافی) بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنیوالے گروہ کے سرگرم رکن کو جھنگ سے گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر اشیا برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا انٹرپول کی اطلاع پر اتوار کے روز ایف آئی اے لاہور کی ٹیم نے جھنگ کے علاقہ سیٹلائٹ ٹاؤن اے بلاک میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر ملزم تیمور مقصود جو کہ الیکٹریکل انجینئر ہے کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کے قبضہ سے پورن ویڈیوز کا 60 جی بی ڈیٹا، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور موبائل فونز برآمد کئے گئے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم ایک منظم گروہ کا حصہ ہے اور گزشتہ دو سال سے پاکستانی بچوں کی نازیبا ویڈیوز انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کے دھندا میں ملوث تھا۔
ملزم کے موبائل فونز سے حاصل کردہ فون کالز کے ریکارڈ سے اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائمز ونگ ایف آئی اے خالد انیس نے بتایا کہ اس حوالے سے انٹرپول کینیڈا نے وزارت داخلہ کو اطلاع دی جس کے بعد کارروائی کی گئی۔
ملزم سے ممنوعہ فلمیں برآمد ہوئیں، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ اس کے مطابق وہ پیسوں کیلئے نہیں بلکہ ذہنی سکون کیلئے ایسا کرتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ اس مکروہ دھندے میں دیگر کون لوگ شریک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں