172

اورنج ٹرین منصوبہ، 7 پبلک ٹرانسپورٹ روٹ بند کرنے کا فیصلہ

لاہور: پبلک ٹرانسپورٹ کے 11 روٹ بالواسطہ متاثر ہونگے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی روٹس کی بندش کیلئے ایل ٹی سی سے مشاورت شروع، ایل ٹی سی کے بی ٹو اور بی فور، نجی ٹرانسپورٹ کے روٹ نمبر 105، 107، 104، 102 اور 103 بند کر دئیے جائیں گے۔
اورنج ٹرین منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریک سے ملحقہ پبلک ٹرانسپورٹ کے 7 روٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے روٹس کی بندش کے لیے ایل ٹی سی سے مشاورت شروع کر دی۔ ملکی تاریخ میں اربوں روپے کی لاگت سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں عوامی سفری سہولیات کا میگا پراجیکٹ میٹرو اورنج ٹرین عوام سے سفری سہولیات چھیننے کے لیے بے تاب ہے۔
اس منصوبے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے 11 روٹ بالواسطہ متاثر ہونگے۔ 7 روٹس بند کرنے کے بعد 4 پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹس کو از سر نو ترتیب دیا جائے گا۔ ٹھوکر نیاز بیگ، جی ٹی روڈ اور ریلوے سٹیشن سے چلنے والے ایل ٹی سی کے دو روٹس بی ٹو اور بی فور کو بند کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ ملتان روڈ، ملتان چونگی، سبزہ زار، سکیم موڑ، چوبرجی، جی ٹی روڈ اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے پانچ روٹس 105، 107، 104، 102 اور 103 بھی بند کر دئیے جائیں گے۔
میٹرو اورنج ٹرین کی تعمیر کے بعد ٹریک کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت نہیں ہو گی اور ایل ٹی سی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کے لیے انفورسمنٹ بھی کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں