119

کراچی؛ میٹرک سائنس، جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ کے نتائج جاری

کراچی: میٹرک بورڈ کراچی نے سائنس، جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ کے امتحانی نتائج جاری کردیے، صرف سائنس گروپ کی پہلی پوزیشن مرد طالب علم نے اور بقیہ تمام پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر شرف علی شاہ کی جانب سے سائنس گروپ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق اسلامک انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے طالب علم عبدالرحمن ولد عبدالحفیظ نے کل 1100 میں سے 1073 نمبر لے کر 97.54 فیصد مارکس لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

البدر سیکنڈری اسکول گلشن اقبال کی رابعہ بنت عمران چابرہ نے 1069 مارکس لے کر 97.18 فیصد مارکس کے ساتھ دوسری جبکہ سینٹ جوزف کونوینٹ ہائی اسکول کی علیزہ صمدانی بنت عمران صمدانی اور فیڈرل سیکنڈری اسکول بلاک 21 ایف بی ایریا کی رامین زبیدہ بنت جمال احمد نے مشترکہ طور پر 1067 مارکس اور 97 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح جنرل گروپ ریگولر/ پرائیویٹ کے امتحانات میں باغ سالار گرلز سیکنڈری اسکول نشتر روڈ کی مدہت بنت محمد اسلم نے کل 1100 میں سے 1012 مارکس اور 92 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی، ٹیور گائیڈ گرامر سیکنڈری اسکول کھڈا لیاری کی حافظہ منہال اعجاز بنت اعجاز نے 1008 مارکس اور 91.63 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری اور سٹیزن سیکنڈری گرلز اسکول باتھ آئی لینڈ کی ہیبا ضیاء بنت محمد ضیاء الرحمن 1004 مارکس اور 91.27 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خصوصی طلبہ کے امتحانات میں ابسا اسکول فار ڈیف کورنگی روڈ ڈی ایچ اے کے کمال کمار ولد اشوک کمار نے 999 نمبر اور 90.8 فیصد کے ساتھ پہلی، اسی اسکول کی مریم عزیز بنت عزیز احمد نے 979 مارکس اور 89 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ اسی اسکول کی فرح بنت اصرار احمد نے 977 مارکس اور 88.8 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ںاظم امتحانات عمران طارق کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں اے ون گریڈ میں 52127 امیدوار، اے میں 34639 امیدوار، بی گریڈ میں 22548 امیدوار، سی میں 10155 اور ڈی میں 1851 امیدوار کامیاب ہوئے۔

سائنس گروپ میں کل رجسٹرڈ 152175 تھے جن میں 81610 بوائز اور 70565 گرلز شامل تھیں ان میں سے  کل 131436 امیدوار کامیاب ہوئے جن میں 62924 بوائز اور 58407 گرلز تھیں۔

سائنس گروپ کے نتائج کا تناسب 80.48 فیصد رہا اسی طرح جنرل گروپ میں 291 طلبہ اے ون گریڈ، 1671 اے گریڈ، 3387 بی گریڈ، 3918 سی گریڈ اور 1949 ڈی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ نتائج کا تناسب 69.69 فیصد رہا۔

اس امتحان میں 16880 امیدوار رجسٹرڈ اور 16454 شریک ہوئے تھے جن میں 6675 بوائز اور 9779 گرلز تھیں اور مجموعی شرکت میں سے 11466 امیدوار پاس ہوئے۔

علاوہ ازیں خصوصی طلبہ کے امتحانات میں کل 97 طلبہ شریک اور 96 پاس ہوئے نتائج کا تناسب 98.96 فیصد رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں