156

سندھ ہائی کورٹ کی دودھ کی قیمتوں کا تعین کرنے کی ہدایت

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمتوں کا تعین کرنے کی ہدایت کردی ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ ملک میں جومہنگائی کا عالم ہے ہر کوئی پریشان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر کمشنرکراچی اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت وکیل عرفان عزیزایڈووکیٹ نے بتایا کہ کراچی میں 140سے150روپےلیٹردودھ فروخت ہورہاہے، عدالت نے 4ہفتےمیں قیمت کےتعین کا حکم دیا تھا، قیمتوں کے تعین سےمتعلق عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمدعلی شیخ نے ریمارکس میں کہا کہ ملک میں جومہنگائی کاعالم ہےہرکوئی پریشان ہے، آپ کو معلوم ہے چارےکی کیا قیمت ہے؟ ہر چیز کے روز نئے نرخ ہوتے ہیں، ہر طبقے کے لوگ پریشان ہیں تو وکیل کا کہنا تھا کہ قیمتوں کا تعین کرنا ایڈمنسٹریشن کی ذمہ داری ہے۔

کمشنر کراچی نےعدالت میں رپورٹ جمع کرادی ، جس میں کہا گیا ہے کہ منافع خوروں کےخلاف کارروائی جاری ہے، دودھ کی قیمتوں کاتعین کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرزسےاجلاس کئے۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ 24 نومبرکو اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اور اجلاس ہوگا، کوشش ہے اجلاس میں متفقہ نرخ طے ہو جائیں،ورنہ انتظامیہ فیصلہ کرے گی ، 2310 منافع خوروں پر 1 ایک کروڑ 19 لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے۔

عدالت نے منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے اور دودھ کی قیمتوں کاتعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں